ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ امن منصوبہ، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں ہوگا
جدہ : مشرق وسطیٰ کیلئے ٹرمپ کے امن منصوبے پر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، تنظیم مشرق وسطیٰ پرامریکی صدرکی تجاویزپرموقف پیش کرےگی، ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ، فلسطینی اتھارٹی اور حماس پہلے ہی مسترد کر چکی ہیں جبکہ عرب لیگ نے بھی فلسطینیوں کے فیصلے کی مکمل تائید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ کیلئےامریکی صدر کی تجاویز پر غور کیلئےاسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں ہوگا، اجلاس میں اسلامی ممالک کی تنظیم مشرق وسطیٰ کےحوالے سے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے پر اپنا مؤقف پیش کرےگی۔ امریکی صدر کے منصوبےکو فلسطینی اتھارٹی اور حماس نے پہلے ہی روز مسترد کردیاتھا، جبکہ عرب لیگ نےہفتہ کو ہونے والے اجلاس میں ٹرمپ کےمشرق وسطیٰ میں امن منصوبے کو مستردکرتے ہوئے فلسطینیوں کےفیصلےکی مکمل تائید کی۔ قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کہاگیاہے کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کی خواہشات پر پورا نہیں اترتا اور عرب لیگ اس منصوبے پر عملدرآمد میں امریکہ کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔