بریگزیٹ کے بعد برطانیہ میں نسل پرستی کے واقعات کا آغاز
لندن: یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ میں پہلے ہی دن نسل پرستی پر مبنی واقعہ پیش آ گیا جس سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ برطانیہ میں نسل پرستانہ واقعات میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بریگزٹ کے پہلے ہی دن نسل پرستوں نے برطانیہ کے نارفوک کاؤنٹی کے شہر ناروچ میں رہایشی ٹاور میں انگریزی نہ بولنے والوں سے نفرت کے نوٹس چسپاں کر دیے جس سے غیر مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جس کے بعد فلیٹس کے مکینوں نے نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق نسل پرستی پر مبنی نوٹس ناروچ کونسل کی عمارت کے اندر مختلف مقامات پر چسپاں کیا گیا، جس میں لکھا گیا کہ اگر آپ انگلش نہیں بول سکتے تو یہاں نہ رہیں، برطانیہ ہمارا ملک ہے جو ہمیں واپس مل گیا ہے اور انگریزی ہماری زبان ہے، اگر آپ ہماری زبان نہیں بول سکتے تو واپس وہیں چلے جائیں جہاں سے آئے ہیں۔