پی ایس ایل 7 : اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ کو 43 رنز سے پچھاڑ دیا
پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 186 رنز بناسکی، احسان علی 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے،کولن منرو 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز دھواں دھار رہا ، صرف 4 اوورز کے اندر ہی اوپنرر پال اسٹرلنگ اور ایلیکس ہیلز نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی، تاہم 56 رنز کے مجموعی اسکور پر ہیلز 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔تاہم پال اسٹرلنگ جارحانہ کھیل پیش کرتے رہے اور پاوور پلے میں ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر81 رنز تک لے گئے۔اسلام آباد نے 100 رنز صرف 7.1 اوورز میں مکمل کیے ۔تاہم اسلام آباد کو دوسرا نقصان پال اسٹرلنگ کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 28 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ شاداب خان 9 رنز بناسکے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد نے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر لاٹھی چارج شروع کیا، کولن منرو اور اعظم خان کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔اعظم خان 35گیندوں پر 65 رنز بناکر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ منرو 39 گیندوں پر 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔