آئی ایم ایف وفد پاکستان کو بہت ’ٹف ٹائم‘ دے رہا ہے:- وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد سے اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں، جس میں تاحال تو کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے بقول آئی ایم ایف وفد پاکستان کو بہت ’ٹف ٹائم‘ دے رہا ہے۔ 2019 میں پاکستان نے آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر قرض کے حصول کا معاہدہ کیا تھا اور گذشتہ سال مذاکرات کے ایک دور کے بعد قرض کی رقم چھ سے بڑھا کر سات ارب ڈالر کر دی گئی تھی۔ لیکن بعض معاشی اصلاحات پر تحفظات کے سبب ایک ارب ڈالر قرض کی قسط کئی مہینوں سے رکی ہوئی ہے، جس کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کے وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کا وفد یقیناً پاکستانی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو ’ٹف ٹائم‘ دے رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش معاشی چیلنجز ناقابل تصور ہیں لیکن ساتھ ہی وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو مجبوراً پورا کرنا ہو گا۔