الطاف حسین ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کا واحد سہارا بن کر ابھر ے ہیں ۔کوئی بھی طاقت عوامی انقلاب کی راہ نہیں روک سکتی۔ فاروق ستار
لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی اور صوبائی تنظیمی کمیٹی بلوچستان کے تحت سال نو کے کلینڈر کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہد کا مقصد اقتدار کا حصول ہرگز نہیں بلکہ متحدہ ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی عملی جدوجہد کررہی ہے،اسی پاداش میں ایم کیوایم کو ماضی میں ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا اور آج بھی سازشی عناصر ایم کیوایم کے فکر وفلسفہ اور نظریئے کو مظلوم قومیتوں سے دور رکھنے کیلئے منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں تاہم مظلوم قومیتوں اورحق پرستی کی تحریکوں کو ایک دوسرے سے دورنہیں رکھا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ آج ملک بھر میں الطاف حسین کا فلسفہ اورنظریہ مقبولیت حاصل کررہا ہے اور مظلوم عوام جو ق در جوق ایم کیوایم میں شامل ہورہے ہیں جو ملک میں آنے والے انقلاب کی نوید ہے جسے کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی ۔ تقریب سے وفاقی وزیر بابرغوری اور ا یم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج فاروق جمیل نے بھی خطاب کیا۔