وزیراعظم 2روزہ سرکاری دورے پر آج ترکی روانہ ہوں گے
وزیراعظم عمران خان آج جمعرات سے ترکی کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکی کا دورہ کررہے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق دورے میں وزیراعظم ترک صدر سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر بات چیت کرینگے۔علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔عمران خان انقرہ میں اپنے قیام کے دوران کاروباری فورم سے بھی خطاب کرینگے اور ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کرینگے۔یاد رہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی اور مثالی تعلقات ہیں جو کئی صدیوں پر محیط ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان شاندار سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی تعلقات اور عوام کے درمیان روابط ہیںجو ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہونگے۔وزیراعظم کے ترکی کے اس دورے سے دونوں حکومتوں اور دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان خصوصا معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔