مارٹن گپٹل کا ٹیم میں شاندار کم بیک، سری لنکا کے خلاف کیریئر کی 14 ویں سنچری جڑ دی
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے سری لنکا کے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی 14 ویں سنچری جڑ دی۔ گپٹل نے آئی لینڈرز کے خلاف جمعرات کو ماﺅنٹ مونگنوئی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 5 خوبصورت چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے نہ صرف اپنی 14 ویں سنچری سکور کی بلکہ میچ میں کامیابی کے لئے اپنی ٹیم کی پوزیشن بھی بہتر بنائی ۔ مارٹن گپٹل کو انفرادی 138 رنز پر پریرا نے سنداکان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کیا۔ مارٹن گپٹل نے انجری مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے بعد اپنی ٹیم میں دوبارہ شاندار انٹری کی ہے۔ واضح رہے کہ مارٹن گپٹل انجری مسائل کے باعث کافی عرصہ ٹیم سے باہر رہے ہیں۔ مارٹن گپٹل نے ون ڈے کرکٹ میں ہم وطن برینڈن میکولم کے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور اب وہ ون ڈے کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے نیوزی لینڈ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ برینڈن میکولم نے ون ڈے کرکٹ میں 6083 بنا رکھے تھے۔ سری لنکا کے خلاف سنچری کے بعد مارٹن گپٹل کے ون ڈے کرکٹ میں 6114 رنز ہوگئے ہیں۔ مارٹن گپٹل نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں جن کا ون ڈے کرکٹ میں بہترین اننگز ناقابل شکست 237 رنز ہیں۔