وزیراعظم کا پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ پر زور
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان خصوصی تعلقات کی تذویراتی اہمیت کاذکرکرتے ہوئے وسیع تراقتصادی تعاون کی ضرورت پرزوردیاہے۔ وہ اسلام آباد میں ابوظہبی کے ولی عہد اورمتحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمدبن زیدالنہیان سے گفتگو کررہے تھے۔ دونو ں فریقوں نے دوطرفہ، علاقائی اوربین الاقوامی امورپرتفصیلی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطح کے وقتاً فوقتاً تبادلوں اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات میں بتدریج پیشرفت پراطمینان کااظہارکیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اوراس کے عوام کاصحت، تعلیم اورنوجوانوں کے امور پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں تعاون پرشکریہ اداکیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں 150روز سے زائد عرصے سے جاری غیرانسانی محاصرے اور پابندیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے بھارت کے متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور شہریوں کی قومی رجسٹریشن اور ان کے منفی نتائج اجاگرکئے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی رکوانے اور جاری محاصرہ اور دیگر پابندیوں کے خاتمے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لئے عالمی برادری کی طرف سے فوری اقدامات کی ضرورت پرزوردیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی کوششوں اور مثبت کردار سے بھی آگاہ کیا۔ ابوظہبی کے ولی عہدنے متحدہ عرب امارات اورپاکستان کے تعلقات کی تذویراتی اہمیت پر زور دیا اوردوہزاربیس کے نئے سال اوراس کے بعد پاکستان کی تیزرفتارترقی کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔شیخ محمدبن زیدالنہیان نے جنوبی ایشیاء کے امن اوراستحکام کے لئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کاعزم ظاہر کیا۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہا۔