پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے : فردوس عاشق
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا آئینہ دارہے، دورہ برادرانہ تعلقات اور وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ولی عہد کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 150 روز سے جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا، بھارتی متنازع شہریت قانون اور این آر سی پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کو دہرایاہے ۔