شمالی کوریا پر عائد اقوام متحدہ کی پابندیاں غیر موثر ہونے کا امکان
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شمالی کوریا پر عائد پابندیاں بظاہر غیر موثر ہونے کا امکان ہے کیونکہ چین اور روس ان پابندیوں کو نرم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 2006 سے شمالی کوریا کے ہر جوہری اور بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد اس کے خلاف متفقہ قرار دادوں کے تحت پابندیاں عائد کرتی چلی آ رہی ہے۔ان پابندیوں میں شمالی کوریا سے کوئلے کی برآمد اور شمالی کوریائی محنت کشوں کے سمندر پار کام کرنے پر عائد پابندی شامل ہے۔ ایسی پابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کے ہتھیارسازی کے پروگراموں کے لیے سرمائے کی فراہمی کو روکنا ہے تاہم چین اور روس نے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل میں ایک قرار داد پیش کی جس میں شمالی کوریائی کارکنوں کی واپسی کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پابندی سے عوام کی روز مرہ زندگی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔