مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے 12 ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری

2021 میں القدس میں 12 ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری دی گئی ۔فلسطینی وزارت برائے القدس امور کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2021 کے دوران اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے 12 ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری دی جبکہ فلسطینیوں کے 177 مکانات مسمار کئے گئے اور 200 گھروں کو منہدم کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 2021ء کے دوران اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں بیت المقدس میں 13 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ 2784 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ القدس کے 490 فلسطینیوں کو شہر سے بے دخل کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ قابض صہیونی حکام کی طرف سے سال 2021 کے دوران فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ خاص طورپر مئی کے دوران فلسطینیوں کے خلاف غاصب صہیونیوں کے انتقامی حربے عروج پر رہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی سطح پر کئی بحرانوں کے باوجود القدس میں پیش آنے والے واقعات عالمی توجہ کا مرکز رہے۔