عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔ جس میں سیاسی اموراورامن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیااورراولپنڈی میں فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ راولپنڈی کے فلاحی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔ راولپنڈی تحریک انصاف کا قلعہ ہے ۔ راولپنڈی شہر کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ ہے۔ سیاست میں رواداری،برداشت اوربھائی چارے کے قائل ہیں۔ شرافت،شفافیت اوردیانت کے اصولوں پرچلتے ہیں۔ نفاق کے بیج بونے والوں کوپہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ ماضی میں سیاسی انتقام کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا۔ الزامات لگانا اوردشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں۔ ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کی منفی سیاست کو ختم کیا ہے۔صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنایاگیا ہے۔ منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔
شیخ رشید احمد نے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اورکرتی رہے گی۔23مارچ کو مارچ کا اعلان کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اپوزیشن ٹولے کے ہاتھ سے وقت ریت کی طرح نکلتا جارہاہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔