صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع کو جاری بجٹ سے متعلقہ گزشتہ 6 ماہ کی رپورٹ پی اینڈ ڈی بورڈ نے جاری کر دی

صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع کو جاری بجٹ سے متعلقہ گزشتہ 6 ماہ کی رپورٹ پی اینڈ ڈی بورڈ نے جاری کر دی۔ گزشتہ 6 ماہ میں صوبائی سطح پر مجموعی طور پر 574 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔ جس میں سے 467 ارب کے فنڈز ریلیز جبکہ 248.63 ارب روپے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ ساؤتھ پنجاب کیلئے پی اینڈ ڈی کی جانب سے 186.72 ارب روپے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 76.34 ارب روپے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اسی طرح مختلف اضلاع کو فنڈز کی فراہمی میں 49 ارب 6 کروڑ روپے کے ساتھ لاہور پہلے، 31 ارب 31کروڑ روپے کے ساتھ ملتان دوسرے، 29 ارب 65 کروڑ روپے کے ساتھ فیصل آباد تیسرے، 28 ارب 13 کروڑ روپے کے ساتھ گجرات چوتھے جبکہ 15 ارب 76 کروڑ روپے کے ساتھ راولپنڈی پانچویں نمبر پر ہے۔ جاری ترقیاتی فنڈز اور ان کے استعمال پر چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے انتظامی محکموں کی جانب سے کوالٹی کنٹرول کا مضبوط طریقہ کار بنایا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق معیاری کام اور عوامی فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔