کراچی ٹیسٹ؛ نیوزی لینڈ 449 رنز کے جواب میں پاکستان کے 3 وکٹوں پر 154 رنز

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔کھیل کے دوسرے دن نیوزی لینڈ اپنی پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں پر 154 رنز بنالیے۔نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق میدان میں اترے۔عبداللہ شفیق کے ٹیسٹ کیرئیر پر ایک اور ناکام اننگز کا اضافہ ہوا۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 27 رنز تھا۔ عبداللہ شفیق 19 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔امام الحق نے شان مسعود کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانے کی ٹھانی لیکن 56 رنز پر شان مسعود کی ہمت جواب دے گئی، وہ 20 رنز ہی بناسکے۔شان کے جانے کے بعد بابر میدان میں اترے لیکن وہ توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ 99 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 24 رنز بنائے۔امام الحق اور سعود شکیل نے پاکستان کی بھنور میں پھنسی کشتی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، دونوں نے آؤٹ ہوئے بغیر اسکور کو 154 رنز پر پہنچایا۔