لاہور میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، سڑکیں گلیاں، انڈر پاسز سبھی سب کچھ تالابوں میں تبدیل،
لاہور میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، جہاں دیکھیں پانی ہی پانی، سڑکیں اور گلیاں تلابوں کا منظر پیش کرنے لگیں، انڈر پاسز بھی سوئیمنگ پولز میں تبدیل، نشیبی علاقے ڈوب گئے، فیروز پور روڈ، آؤٹ فال روڈ، مزنگ، میسن روڈ، مال روڈ، قذافی سٹیڈیم، سمن آباد، لکشمی چوک، گلبرگ سمیت متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔۔۔ بلال گنج، ساندہ، اچھرہ، شمالی لاہور، مصری شاہ، چائنہ سکیم، شادباغ اور بادامی باغ ، ہربنس پورہ، باغبانپورہ، گڑھی شاہو، مغل پورہ اور قلعہ گجرسنگھ کے علاقے دریا کا منظر پیش کرنے لگے۔ رات سے ہونے والی موسلادھار بارش نے لاہوریوں کی زندگی اجیرن بنا ڈالی، ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا، سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئیں، اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، لوگ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دھکے لگاتے نظر آئے۔ محکمہ موسمیات نے ہنگامی الرٹ بھی جاری کردیا، لاہور شہر میں ایک سو ستر، ائیر پورٹ کے علاقے میں نوے ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا سلسلہ تھما نہیں ابھی مزید دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔