احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔
احتساب عدالت نے 29 جون کو ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو 3 جولائی کو طلب کیا تھا۔ ایون فیلڈ ریفرنس دوسری جانب نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت بھی آج دن 2 بجے ہوگی، جہاں مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز اپنے حتمی دلائل کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 2 جولائی کو ہر حالت میں حتمی دلائل ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم گزشتہ روز دلائل مکمل نہ ہونے پر ریفرنس کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔ نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجودگی کے باعث آج بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، گزشتہ روز عدالت نے دونوں کو حاضری سے 2 روز کا استثنیٰ دیا تھا۔