وزیراعظم نے نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دیدی
وزیراعظم عمران خان نے نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نظرثانی شدہ سسٹم منظور کرلیا، وزیراعظم نے بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی نئے نظام کی منظوری دی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔وزیراعظم ہائوس کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹس کو نئے نظام میں تعاون کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیمیں رکھنے والے تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم ہائوس کی جانب سے 11سرکاری ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت نامہ بھجوایا گیا جن میں واپڈا، ایس این جی پی ایل، اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک، کے آر ایل، پی ٹی وی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، ریلوے اور سول ایوی ایشن شامل ہیں۔نئے کرکٹ ڈھانچے میں 15ریجنل ایسوسی ایشنز کو 6میں تبدیل کر دیا گیا اور نئے سیٹ اپ میں پنجاب سینٹرل، پنجاب ساتھ، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن کے ریجنز اور ٹیمیں شامل ہیں۔