وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِصدارت گیس کی فراہمی سے متعلق معاملات پر اعلی سطحی اجلاس

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِصدارت گیس کی فراہمی سے متعلق معاملات پر اعلی سطحی اجلاس ہوا، معاون خصوصی ندیم بابر، سیکرٹری پاور عرفان علی، سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ایم ڈی انٹر سٹیٹ گیس سسٹم مبین صولت، ڈی جی گیس شاہد یوسف و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو گیس کی طلب و رسد اور آئندہ مہینوں میں گیس کی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کراچی سے لاہور تک 1122کلومیٹر طویل مجوزہ "نارتھ ساتھ گیس پائپ لائن " منصوبے پر پیش رفت سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے ملک میں گیس چوری کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات اور اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ دو ماہ میں گیس چوری میں ملوث 18000کنکشنز کو منقطع کیا گیا ہے،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں اب تک 2.5ارب روپے مالیت کی گیس چوری ہونے سے بچائی گئی ہے، وزیرِ اعظم نے گیس چوری کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس چوری میں ملوث عناصر کے بلا تفریق کاروائی کے ساتھ ساتھ ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔