عثمان بزدار جیسے لوگ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔عظمیٰ بخاری
پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمیٰ زاہد بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان بزدار جیسے لوگ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جو وزیراعلی اپنی مرضی سے ایک سمری پر دستخط نہیں کر سکتا وہ ارکان اسمبلی کو کیا دے سکتا ہے ۔ پنجاب کابینہ میں اس وقت تین سے چار گروپ بن چکے ہیں۔ عثمان بزدار کو پنجاب کا کوئی وزیر اپنے محکمے کی رپورٹ دینے کو تیار نہیں ، دو سال کی بھرپور کوشش کے بعد یہ بیچارے صرف چند عادی لوگ اکٹھے کر سکے،تمام باضمیر لیگی ممبران آج بھی مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عظمیٰ بخاری نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے لیگی ارکان نے حماقت کی ہے۔ دو سال سے حکومت کے اپنے لوگ ترقیاتی فنڈز نہ ملنے کا رونا رو رہے ہیں۔ عثمان بزدار پورے صوبے کے فنڈز صرف تونسہ اور میانوالی میں لگارہے ہیں ۔ دو سالوں میں پنجاب کے کسی حلقے میں ایک اینٹ بھی نہیں لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جادو ٹونے سے حکومتیں نہیں آستانے ہی چل سکتے ہیں۔بزدار صاحب آپ ان چہیتوں کو استعفیٰ دلوا کر اپنی ٹکٹ سے الیکشن لڑوائیں اپ کو لگ پتہ جائے گا۔عمران خان ماضی میں ترقیاتی فنڈز کو سیاسی رشوت کہتا رہا ہے۔عمران خان آج اسی سیاسی رشوت کو استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔باضمیر اور مخلص ارکان کبھی اپنی عزت اور وقار کا سودا نہیں کرسکتے۔