شہبازشریف کاجج محمد ارشد ملک کی برطرفی کے فیصلے پر اظہار تشکر
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو کے سابق جج محمد ارشد ملک کی برطرفی کے لاہورہائیکورٹ کے سات جج صاحبان کے فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہوں کہ اس نے ملک وقوم کی مخلصانہ خدمت کرنے والے محمد نوازشریف کی بے گناہی کوثابت کردیا ۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ جج نے انصاف پہ مبنی فیصلہ نہیں دیا تھا اور تین بار کے منتخب وزیراعظم کو ناحق سزا دی۔سچائی سامنے آنے پر انصاف کا تقاضا ہے کہ محمد نوازشریف کے خلاف سزا کو ختم کیاجائے ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ لاہورہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا فیصلہ دراصل محمدنوازشریف کی بے گناہی کا ثبوت ہے۔ پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل ہے کہ محمد نوازشریف کی بے گناہی ثابت ہونے پر شکرانے کے نوافل ادا کریں۔