لاوارث پاکستانی کی میت اس کے ورثاء تک پہنچانے پر کمیونٹی کا سفارتخانہ پاکستان کو خراج تحسین
فرانس کے دارالحکومت پیرس سے پانچ سو کلومیٹر دور شہر گرینوبل کے ہسپتال میں عرصہ دراز سے داخل پاکستانی مریض مرزا محبوب بیگ کے حوالے سے گزشتہ دنوں ہسپتال کی انتظامیہ نے سفارتخانہ پاکستان کے ہیڈ آف قونصلر سیکشن احسان کریم سے رابطہ کیا کہ ہمارے ہسپتال میں ایک پاکستان مریض داخل ہے جو اپنی زندگی کے آخری دن پورے کررہا ہے۔ اور یہاں پر کوئی بھی اس کا عزیز یا قریبی فرد نہیں ہے ، جو کل کو اس کی میت کا بندوبست کرے۔ احسان کریم نے انتظامیہ کو اپنا ذاتی موبائیل نمبر اور سفارتخانہ کے رابطہ نمبر دئے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں ان سے فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے مرزا محبوب بیگ کی وفات ہوئی تو ہسپتال انتظامیہ نے احسان کریم کو آگاہ کیا۔ احسان کریم نے فوری طور پر قائم مقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی کو ساری صورتحال بتائی اور امجد عزیز قاضی کی ہدایت پر مرزا محبوب بیگ کی میت گرینوبل شہر سے پیرس لانے اور پھر پاکستان پہنچانے کے لئے منہاج القرآن فرانس کی تدفین کمیٹی کے سربراہ صوفی نیاز کو ذمہ داری سونپی ۔ جنہوں نے مرزا محبوب بیگ کی میت جنازے کے بعد کل پاکستان روانہ کردی جو آج مرزا محبوب بیگ کی فیملی نے وصول کرلی۔ میت کے تمام اخراجات سفارتخانہ پاکستان نے ادا کئے۔ پاکستانی کمیونٹی نے قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی اور احسان کریم ہیڈ آف قونصلر سیکشن کے اس اقدام کو سراہا کہ انہوں نے ذاتی دلچسپی لیکر مرحوم کی میت ان کے ورثاء تک پہنچائی۔