وزیراعظم شہباز شریف کا ژوب بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار
وزیرِاعظم محمّد شہباز شریف نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئےزخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ اتوارکو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمّد شہباز شریف نے ژوب کے قریب اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے الم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِاعظم نے حادثے میں زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کے علاج میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔