نواز شریف جلد واپس آ رہے ہیں، عام انتخابات 2023 میں ہوں گے: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےکہا ہے کہ اقتدار کھو جانے پر عمران خان حواس باختہ ہو چکا ہے، عمران خان کے چہرے سے ایمانداری کا بہروپ تار تار ہو رہا ہے، عمران خان صبر کریں ،عام انتخابات 2023 میں ہی ہوں گے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نےاتوار کو سیالکوٹ میں شہابپورہ فلائی اوور کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہابپورہ فلائی اوور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بڑی عید پر سیالکوٹ والوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے، سیالکوٹ شہابپورہ فلائی اوور کی تکمیل پر میں متعلقہ تمام اداروں اور مقامی حکام کا شکرگزار ہوں جن کی انتھک محنت سے آج یہ فلائی اوور مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے یہ منصوبہ شروع کیا اور آج پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی اس منصوبے کو مکمل کر رہی ہے، ماضی کی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں ایک اینٹ تک بھی نہیں لگائی لیکن وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے گزشتہ4سال سے التوا میں پڑا یہ منصوبہ آج پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد سیالکوٹ کا دورہ کریں گے اور منصوبے کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سیالکوٹ اور اس کے باسیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، اس فلائی اوور سے سیالکوٹ شہر کی ٹریفک روانی میں کافی بہتری آئے گی اور یہ کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کے لیے سیالکوٹ لاری اڈہ کے قریب کے ایف سے سے لیکر کوٹلی بہرام تک انڈر پاس بھی تعمیر کریں گے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی منشائاللہ بٹ اور ارشد وڑائچ سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی انکے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مہنگائی ورثے میں ملی ہے جو پی ٹی آئی کی سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ہمیں مہنگائی کا مکمل احساس ہے اوریہ بات بھی حقیقت ہے کہ تیل، گیس اور کوئلہ کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں لیکن اس کے باوجودہم پرعزم ہیں کہ ہم ان مشکل حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے اور ہمارے حالات ضرور بہتر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 2023ء میں انتخابات ہونگے جس کے لیے ہم عوام کے پاس جائیں گے اور پھر عوام ہی فیصلہ کرے گی کہ کون حکمرانی کرے گا۔ دھاندلی زدہ سابق وزیراعظم عمران خان الزامات لگاتا ہے، باہر بڑھکیں مارتا ہے اور اندر جا کے ترلے منتیں کرنے لگ جاتا ہے، اقتدار کھو جانے پر عمران خان حواس باختہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان محسن کش ہے، جس نے بھی اس پر احسان کیا اس کو نہیں بخشا، عمران خان کے چہرے سے ایمانداری کا بہروپ تار تار ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے خون کا وفادار نہیں تو پھر یہ کسی شخص، کسی ادارے یا مٹی کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے۔