وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب میں 177ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب میں 177ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیاہے۔محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورماہی پروری کے 41،محکمہ زراعت کے 17اورمحکمہ آبپاشی کے 90ریسٹ /گیسٹ ہاؤسزکو عوام کیلئے کھولا گیا ہے جبکہ محکمہ تعمیرومواصلات کے 10،محکمہ بلدیات کے 15اورمحکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے 4ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز بھی عوام کے لئے کھول دیئے گئے ہیں۔عوام کیلئے کھولے گئے ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کی تفصیلات متعلقہ محکموں اورٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کے ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے اوپن کیاگیا ہے۔عوام ویب سائٹس پر ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کی تفصیلات دیکھ کربکنگ کراسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگرریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو بھی جلد عوا م کے لئے کھول دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے بعض ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز پرقبضے و اگزار کرانے کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اورقبضے واگزار کراکررپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے.