شہباز شریف لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے ۔قبل ازیں شہباز شریف کو پیشی سے قبل گرفتار کرنے کے لیے نیب ٹیم کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر موجود تھی، پولیس اہلکاروں نے رانا ثنا اللہ کو بھی لاہور ہائیکورٹ جانے سے روک دیا تھا۔تاہم عدالتی حکم کے بعد تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گزشتہ روز نیب نے طلب کررکھا تھا تاہم شہباز شریف نے نیب میں پیش ہونے کی بجائے جواب جمع کرایا۔ شہباز شریف کے نمائندے نے اثاثہ جات کے حوالہ سے تفصیلی جواب جمع کروایا ۔ شہباز شریف ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی تاریخ نہ ملنے پر پیش نہیں ہوئے۔ اس سے قبل شہبازشریف 2 بارکورونا کو جواز بنا کر نیب میں پیش نہیں ہوئے ہیں وہ آخری بار 22 اپریل کونیب میں پیش ہوئے تھے،گزشتہ پیشی پر نیب ٹیم شہباز شریف کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کیا گیا تھا ۔گزشتہ روز شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کرنے کے لیے نیب ٹیم ان کی رہائشگاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچی ،اس موقع پر ان کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔تاہم نیب ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری میں ناکام ہو گئی اور واپس لوٹ گئی۔تاہم نیب کی دوسری ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے جاتی امرا بھی روانہ ہو ئی مگر شہباز شریف کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ۔