حکومت کو چاہیے فوری الیکشن کرائے تاکہ نئی حکومت آکر معیشت سنبھالے: سابق وزیر خزانہ شوکت ترین

اسلام آباد :سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول پر 50 اور ڈیزل پر 80 روپے کما رہی ہے، 60 روپے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں اور ابھی بھی رو رہے ہیں،پی ٹی آئی سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے شہباز حکومت کی جانب سے ایک ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے اضافے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 60 روپے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں اور ابھی بھی رو رہے ہیں۔شوکت ترین نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مکمل طور پر کنفیوژڈ نظر آرہے تھے، ابھی بھی کہہ رہے ہیں کہ کوئی سستا تیل دیگا تو خرید لیں گے، ارے بھائی کوئی تمہارے پاس خود آئے گا کہ ہم سے سستا تیل خریدو، پیاسا کنویں کے پاس جاتا ہے یا کنواں پیاسے کے پاس آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے روسی صدر سے بات کی تھی، روسی صدر نے کہا تھا کہ سستا تیل بھی دونگا اور پٹرول بھی دونگا، کیا روس آپ کے گھر تیل پہنچائیں گے یا آپ جاکر بات کرینگے، ہمیں تو کہتے تھے ٹارگٹڈ سبسڈی کیوں نہیں دی، اب یہ حکومت خود کیوں ٹارگٹڈ سبسڈی نہیں دے رہی، حکومت کوٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جانا چاہیے اور غریب کو ریلیف دینا چاہیے۔