ملک بھر میں بجلی کا بدترین بحران، عوام پریشان
اسلام آباد: ملک بھر میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا اور بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ ہوگیا ہے۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 2800 میگاواٹ ہوگئی ہے جبکہ رسد 21200 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے جس کے باعث شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔ ذرائع کےمطابق پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں جب کہ آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطا بق تیل گیس کوئلےکی قلت کے باعث متعدد پلانٹس بند ہیں۔ دوسری جانب توانائی بحران کے باعث کراچی اور لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور لیسکو کا شارٹ فال 1200 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے، لیسکو ڈویژن میں بجلی کی طلب 5200 جبکہ رسد 4 ہزار ہے جس کے باعث شہر میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔