وزیر اعظم کی ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ ترکیہ کے مختلف تجارتی گروپس کے سربراہان سے انقراہ میں گفتگو کے دوران انہوں نے براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق حکومت کے نقطہ نظر کا خاکہ پیش کیا اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مکمل سہولت اور تجارت دوست ماحول کی فراہمی کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم اور ترکیہ کی ان صف اول کی کمپنیوں کے عہدیداران کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوئیں جو پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ ان کمپنیوں میں Anadolu گروپ، Arcelik، Zorlu، Albayrak، Limak، Dolsar ترکش کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور Pak Yetirim شامل ہیں۔ اس موقع پر ترک کمپنیوں کے عہدیداران نے وزیر اعظم کو سرمایہ کاری کے اپنے موجودہ اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔