نوازشریف جیل گیا تو نیلسن منڈیلا بنے گا جلاوطن کریں گے تو خمینی بنے گا ، نوازشریف گلے کی ہڈی ہے۔وزیرمملکت طلال چوہدری
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں جمہوریت ایک قدم اور آگے بڑھی ہے۔ یہ وہی الیکشن ہے جس کے نہ ہونے کا دعوی کیا گیا۔ جس مقبول لیڈر کو ہٹایا گیا اسکی پارٹی مزید ابھر کر جیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینیٹر حلف لینے سے پہلے میں ہوں نواز کا نعرہ لگائیں گے۔ نوازشریف جیل جائے گا تو نیلسن منڈیلا بن جائے گا، جلاوطن کریں گے تو خمینی بنے گا۔ نوازشریف گلے کی ہڈی ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جمشید دستی جیسا جعلی ڈگری والا ایک جماعت کا سربراہ ہو سکتا ہے، نوازشریف سے وہ حق کیوں چھینا جارہا ہے۔ دوہزار اٹھارہ کا الیکشن ووٹ کی عزت کے نظریہ پر ہوگا۔ شیخ رشید، عمران خان اور مخالفین نے نواز شریف کو نکالنے کا دعوی کیا اور وہی ہوا۔ فیصلے شیخ رشید اور عمران خان سنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مولانا سمیع الحق کو سینیٹر بنانے کی کوشش کی جائے گی تو پاکستان گرے لسٹ اور بلیک لسٹ میں تو جائے گا۔ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے وہ کسی بھی قانون کو ختم کرسکتا ہے۔ یہاں آمر کو تو قانون بنانے کی اجازت ہے مگر پارلیمنٹ کے بنائے قانون کو نہیں مانا جاتا اب ایسا نہیں چلے گا۔ پارلیمنٹ کی توہین کا بھی نوٹس ہونا چاہیے۔ نوازشریف ہی مسلم لیگ ن کے اصل سربراہ اور قائد ہیں۔