عالمی برادری پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے ،مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد دے،سردار مسعود

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری پرزوردیاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اورمسئلہ کشمیر کے حل میں مدد دے جو ان کے تنازعے کی بنیادی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل میں مدد کرکے بھارت اور پاکستان کو جنگ سے بچایا جائے ۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی بنیادی وجہ کشمیریوں کو ان بنیادی حق خودارادیت دینے سے انکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کوچاہیے کہ آگے بڑے اور امن میں کردارادا کرے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ نہ ہونے پائے ۔سردارمسعودنے کہاکہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اور کسی بھی قسم کا چھوٹا سا تنازعہ ایٹمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے جس سے ہرقیمت پرگریز کیاجائے ۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردارمسعودخان کی صدارت میں آج مظفرآباد میں ایک اجلاس میں کنٹرول لائن پر سرکاری اورنیم سرکاری امدادی کاروائیوں کاجائزہ لیاگیا ۔