کراچی، پولیس کارروائی، بس سے 50 ہزار ماسک برآمد

کراچی کے علاقے صدر کے بس اڈے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر اور پولیس نے کارروائی کے دوران ذخیرہ اندوزی کی غرض سے لائے گئے 50 ہزار سرجیکل ماسک برآمد کر لیے۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر صدر بس اڈے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر آصف چانڈیو کی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کی گئی۔اس دوران کوئٹہ سے کراچی آنے والی بس سے 50 ہزار سرجیکل ماسک برآمد کر لیے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا، صرف بس اڈے کے مالک سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے ماسک بھیجنے والوں اور پیکٹس پر درج نمبرز سے متعلق تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے سرجیکل ماسک بڑی تعداد میں ذخیرہ کر کے فروخت کیے جا رہے ہیں جس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک بھر میں کارروائی کی جارہی ہے۔گزشتہ روز بھی کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر کے 20 ہزار سے زائد ماسک اپنے قبضے میں لیے تھے۔