گولارچی مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 7 افراد زخمی
گولارچی کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز آوارہ کتوں کے کا ٹنے سے بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ضلع بھر میں پاگل اور آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا اسپتال میں ویکسین نہ ملنے پر متاثرہ افراد کا احتجاج ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ذرا ئع کے مطابق گولارچی میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافے کے باعث گولارچی کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز میں آوارہ کتوں نے خواتین اور بچوں سمیت سات افراد کو کاٹ لیا ہے۔ زخمیوں کو گولارچی سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر زخمیوں کو ویکسین نہ ہونے کے باعث متاثرہ افراد کو بدین ریفر کر دیا ۔متاثرہ افراد نے اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے زخمیوں کی تعداد میں اضافے کے باعث ویکسین اب ختم ہوگئی ہے۔ دوسری جانب آوارہ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں تا حال خوف و ہراس بدستور برقرار ہے شہری اور دیہی علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ آوراہ کتوں کی بھر مار سے کتوں کے کاٹنے کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ تا حال خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔