ایرانی مظاہرین پر تشدد:امریکی اراکین کا ایرانی پارلیمنٹ کے 227 ارکان پر پابندی عائد مطالبہ
امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے ارکان نے ریاست اور خزانہ کے محکموں کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے ان 227 ارکان پر پابندی عائد کی جائے جو ایرانی مظاہرین کے قتل، تشدد، گرفتاری اور اغوا میں کسی نا کسی شکل میں ملوث ہیں۔ کانگریس اراکین نے زور دیا کہ پابندیوں میں ان کے خاندان کے افراد کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے جو امریکا میں کام کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور جائیداد خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ مکتوب ایران انٹرنیشنل ویب سائٹ کی طرف سے شائع کیا گیا ہے. امریکی ارکان کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کو پھانسی دینے کے حوالے سے ایرانی حکومت پر واضح پابندیاں عائد کرے۔ اس کے ساتھ امریکا تہران پر پابندیوں کے نفاذ کی خاطر بین الاقوامی شراکت داروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مزید اقدامات کرے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے دو ریپبلکن ارکان کلاڈیا ٹینی اور مارکو روبیو کے اقدام پر تیار ہونے والے اس مکتوب میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان ایرانی عوام کے حقیقی جمہوری نمائندے نہیں ہیں۔