تمام اداروں کا فرض ہے الیکشن کیلئے ضروری تعاون کریں، چودھری پرویز الہٰی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا ہے صدر مملکت کا اقدام اس جانب پیشرفت ہے، تمام اداروں کا فرض ہے کہ اب الیکشن کیلئے ضروری تعاون کریں۔ اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صدر مملکت کی جانب سے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مفاد میں ہے کہ الیکشن کا عمل شفاف انداز سے مکمل کیا جائے، صدر عارف علوی کی جانب سے تاریخ کے اعلان کے بعد اب سیاسی جماعتوں کو انتخاب کی تیاری کرنی چاہیے۔