ٹیم آسٹریلیا نے پھر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔

کینگروز خوف کی دیوار نہ پھلانگ سکے اور پاکستان میں کھیلنے کی درخواست پر کرکٹ آسٹریلیا نے صاف انکار کر دیا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیاکے ترجمان نے واضح کیا کہ وہ اس درخواست پر غورنہیں کر سکتے ۔انھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان سے سیریز کے حوالے سے یہ بات پہلے ہی طے ہوچکی کہ یہ یو اے ای میں کھیلی جائے گی،ہم اس پروگرام میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو رواں برس پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے، جس کا میزبان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات ہی ہوگا،پی سی بی کی جانب سے دونوں بورڈز سے چند میچز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست کی گئی تھی مگرآسٹریلیا نے اس پر غور تک کرنے سے صاف انکار کردیا،ٹیم کو ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان سے تین ٹیسٹ اور ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلنا ہے جس کی حتمی تاریخوں کا فی الحال تعین نہیں ہوا۔رپورٹس کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا سے درخواست کی تھی کہ وہ واحد ٹوئنٹی 20 میچ پاکستان میں کھیلے جہاں پر کامیابی سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے میچزمنعقد ہوچکے ہیں،یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے تو مارچ 2009میں بند ہوئے جب لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا، مگر آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جو1998سے اب تک پاکستان آ کر نہیں کھیلی، تب سے دونوں کے درمیان یو اے ای، انگلینڈ اورسری لنکا کے نیوٹرل وینیوز پر مقابلے ہوتے رہے ہیں۔