کراچی: سورج نے آگ برسانا شروع کردی، درجہ حرارت تنتالیس ڈگری تک پہنچ گیا۔

شہر قائد کے لوگ کڑاکے کی گرمی سے نڈھال ہیں. جھلسا دینے والی دھوپ نے ہر کسی کو پریشان کر دیا.انسان تو انسان چرند پرند بھی سایہ تلاش کررہے ہیں. محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں سورج مزید آگ برسائے گا اور جمعہ کو شہر کا درجہ حرارت چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے. جبکہ سمندری ہواؤں کی رفتار میں کمی کے باعث گرمی کی شدت پورے ہفتے برقرار رہے گی۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بحر ہند اور بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ، جس سے سمندری ہوائیں بھی بند ہوگئیں . درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہیٹ اسٹروک اور ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،جس سے نمٹنے کیلئے ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے.