موسم نے تیور بدلے تو بجلی بھی روٹھ گئی،ملک کے متعدد شہروں میں لوڈشیڈنگ

ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا جن پھر بوتل سے باہر آگیا ہے. کئی شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بڑھ کر اٹھارہ گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا . پھلروان، سرگودھا، وزیرآباد، جامکے چٹھہ، رینالہ خورد،پاکپتن، کسووال، وہاڑی، سرائے عالمگیر، سیالکوٹ، نارنگ منڈی، ننکانہ صاحب اور پنڈی بھٹیاں سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو رلا دیا ۔
بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں وہاں کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی،،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں بارش کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی لیکن چشمہ پلانٹ کی بندش کے باعث سسٹم میں ہونے والے شارٹ فال کے باعث ڈیمانڈ میں کمی سے بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں خاطر خواجہ کمی نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب چشمہ تھری پاور پلانٹ میں فنی خرابی دور کر کے اسکو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے. ملک بھر میں بجلی کی پیداوار پندرہ ہزار چار سو میگا واٹ اور ڈیمانڈ اٹھارہ ہزار چار سو بتیس میگاواٹ ہے. ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں کہیں جبری لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے. گزشتہ روز چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے چاروں یونٹس ٹرپ کر گئے تھے۔