صدرکا ماحولیاتی مسائل اورقدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جدیدٹیکنالوجی بروئے کار لانے پرزور
صدرڈاکٹرعارف علوی نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زوردیاہے اور تمام شہریوں سے کہاہے کہ وہ اس سلسلے میں اپناکرداراداکریں۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں قدرتی آفات کی پیشگوئی اوران سے نمٹنے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کا کردار کے موضوع پر چار روزہ علاقائی ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدرنے کہاکہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے کیونکہ فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑھتی ہوئی مقدار کے باعث قدرتی ماحول میں عدم توازن پیدا ہورہاہے۔ انہوں نے ملک میں مزید پودے لگانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ درخت کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کاواحد قدرتی ذریعہ ہیں۔ صدرنے کہاکہ حکومت نے ملک بھرمیں دس ارب درخت لگانے کاہدف مقرر کیاہے کیونکہ اس سے ماحولیاتی مسائل پربڑی حدتک قابوپانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ہرشخص کوانفرادی سطح پر اپناکرداربڑھ چڑھ کر ادا کرناچاہیے