وفاقی حکومت کا بجلی کے بلوں پر نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی حکومت کا بجلی کے بلوں پر وصول کیا جانے والا نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے کا اعلان سامنے آیاہے ۔ حکومتی اعلان کے مطابق نیلم جہلم سرچارج 30 جون کے بعد ختم کر دیا جائے گااور اسکے بعدبجلی کے بلوں کے ذریعے نیلم جہلم سرچارج وصول نہیں کیا جائے گا۔ یہ اعلان وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نےآج سینیٹ اجلاس میں کیا۔ پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے ایوان بالا کو بتایا کہ نیلم جہلم سرچارج کی مد میں اب تک 64 ارب روپے وصول کئےجاچکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی تفصیلات بھی ایوان بالا میں پیش کردی گئیں۔ تفصیلات کےمطابق حکومت پٹرول پر ٹیکسز کی مد میں 26 روپے 50 پیسے فی لٹر وصول کررہی ہے۔ پٹرول پر ڈسٹری بیوشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن کاسٹ کی مد میں 9روپے 84 پیسے فی لٹر وصول کئے جارہے ہیں۔ ایوان بالا میں پیش کی گئی دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لٹر 39روپے 96پیسے فی لٹر ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈسٹری بیوشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن کاسٹ کی مد میں 7روپے 21 پیسے فی لٹر وصولی کی جارہی ہے۔