بھارت کے ریاستی انتخابات، مودی سرکاری کو بدترین شکست، ممتا بینرجی نے کایہ پلٹ دی
نئی دہلی: بھارت کی 5 ریاستوں مغربی بنگال، تامل ناڈو، کیرالا، آسام اور پڈوچیری کے ودھان اسمبلی کے انتخابات میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو 3 ریاستوں میں شکست کا سامنا ہے جب کہ دو ریاستوں میں انتخابی اتحاد کے باعث بہ مشکل سبقت حاصل کرسکی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 5 ریاستوں کی قانون ساز اسمبلی (ودھان) کے لیے ہونے والے الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس، تامل ناڈو میں درا ویدیئن پروگریسیو فیڈریشن، کیرالہ میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ جب کہ آسام اور پڈوچیری میں بی جے پی کی سربراہی میں قائم انتخانی اتحاد ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ نے میدان مار لیا ہے۔سب سے اہم اہمیت کا حامل الیکشن مغربی بنگال کا تھا جہاں 292 نشستوں میں 185 پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس نے کامیابی حاصل کرکے مودی کو شکست کی دھول چٹادی۔ بی جے پی 104 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ اس ریاست میں انتخابی مہم کے دوران جھڑپوں میں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔