چالیس سال سے زائد عمرکے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع
صحت کے بارے میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ آج سے چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔آج اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈیڑھ ہزار ویکسین کی خوراکیں لگائی جا رہی ہیں اور اسے تین ہزار خوراکوں تک لے جانا ہمارا ہدف ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اس سال کے آخر تک سات کروڑ لوگوں کو کورونا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ اب تک تین کروڑ خوراکوں کی خریداری کیلئے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں جن میں سے اس سال جون تک ایک کروڑ نوے لاکھ خوراکیں موصول ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ CANSINO ویکسین کی سنگل خوراک کی تیاری ملک میں شروع ہونے والی ہے۔ قومی ادارہ صحت اس ویکسین کی ماہانہ تیس لاکھ خوراکیں تیار کرے گا۔