وزیراعلٰی پنجاب نےعید الاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انسداد ڈینگی کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے ڈینگی کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے حکام کوجامع حکمت عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈینگی مھچر کی پرانے ٹائروں میں افزائش نسل کے حوالے سے وزیراعلی نے کہا کہ سرکاری گوداموں میں پڑے ہوئے ٹائروں کی نیلامی اور حکومتی سطح پر ٹائر ضائع کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کیلئےفریقین کی مشاورت سے خودمختار اتھارٹی قائم کی جائے۔وزیراعلی کو بتایا گیا کہ فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد ڈینگی مہم کو موثر طور پر آگے بڑھانے کیلئے محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ دو ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور ماہرین حشرات لاہور میں گھر گھر مہم کا جائزہ لیں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی انسداد ڈینگی مہم میں تیس ہزار سے زائد بلڈ ڈونرز نے خود کو رجسڑڈ کروا دیا ہے جبکہ شہباز شریف نے اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہورمیں مویشیوں کی آمد اور گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سےانسداد ڈینگی مہم میں سست روی برتنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رواں سال کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سال انسداد ڈینگی سپرے اور لاروے کی افزائش روکنے کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔ اجلاس کے بعد وزیراعلی پنجاب سے عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ڈاکڑ رعنا کاکڑ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈینگی وائرس کے تدارک اور تربیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔