پنجاب بھر میں نوجوانوں کو شیشہ پیش کرنے والے کیفےٹیریاز پر پابندی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست مقامی وکیل عبداللہ امین کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شیشہ کیفے ٹیریاز کے باعث نوجوان نسل منشیات کی لعنت کا شکار ہو رہی ہے، ملک بھر میں عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی ہے مگر شیشہ کیفے میں قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق شیشہ کلبوں کی آڑ میں نوجوانوں میں غیر اخلاقی اور غیر اسلامی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے جس سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا تشخص مجروح ہورہا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب بھر میں شیشہ کلبوں پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔