پشاور کابل موٹر وے سے معاشی سرگرمیوں میں انقلاب آئے گا:احسن اقبال
اسلام آباد میں افغان سفیر جانان موسیٰ زئی کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی امور پر گفتگو ہوئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مضبوط بنائے جائیں گے۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت وزیراعظم نواز شریف کے علاقائی رابطوں کے ویژن پر عمل پیرا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سول ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پشاور کابل موٹر وے پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی جس سے خطے کی معاشی سرگرمیوں میں انقلاب آئے گا کیونکہ پاکستان اور افغانستان کا مستقبل خطے کی خوشحالی سے جڑا ہے۔ اس موقع پر افغان سفیر نے افغان طلبا کے لئے سکالر شپ پر احسن اقبال کا شکریہ بھی ادا کیا۔