شمالی کوریا، جنوبی کوریا سے امریکی افواج کا انخلاءچاہتا ہے۔
شمالی کوریا سے منحرف ہونے والے ایک سابق اعلیٰ افسر نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے قائد کِم جونگ ان کو یقین ہے کہ ان کے ملک کو امریکا کی مرکزی سرزمین پر جوہری حملے کی صلاحیت حاصل ہونے کی صورت میں امریکا جنوبی کوریا سے اپنی افواج نکال لے گا۔شمالی کوریائی منحرف تے یونگ ہو گزشتہ سال اپریل میں منحرف ہو کر جنوبی کوریا جانے تک لندن کے شمالی کوریائی سفارت خانے میں منسٹر کے عہدے پر فائز تھے۔ انہوں نے واشنگٹن میں ایوان زیریں کی امور خارجہ کی کمیٹی کے سامنے حلفیہ بیان دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شمالی کوریا تحقیق کر رہا ہے کہ جنوبی ویتنام کی حکومت کے خاتمے پر امریکی افواج کو وہاں سے کس طرح نکلنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق کِم کو یقین ہے کہ جنوبی کوریا کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو سکتا ہے۔ انھوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ شمالی کوریائی قائد کِم کو یہ سخت پیغام بھیجے کہ شمالی کوریا کے اپنا موجودہ رویہ برقرار رکھنے کی صورت میں فوجی کارروائی سمیت تمام اقدامات ممکن ہوں گے۔