مولانا سمیع الحق کو قاتلانہ حملہ میں شہید کیا جاناوطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بین الاقوامی سازش کا نتیجہ ہے:حافظ محمد سعید
امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ ، حافظ خالد ولیداور حافظ طلحہ سعید نے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماءاسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو قاتلانہ حملہ میں شہید کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی بین الاقوامی سازش کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق نے پوری زندگی اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردارادا کیا اور جب بھی کبھی مشکل وقت پیش آیا انہوںنے ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کو جمع کیا اور تحریک چلاتے ہوئے قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ ان کا دل ہمیشہ پاکستان کیلئے دھڑکتا تھا ۔ ان کی شہادت سے صرف پاکستانی قوم ہی نہیں پوری امت مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور وطن عزیز پاکستان کیخلاف گہری سازش کا پردہ چاک کیا جائے۔ انہوںنے مولانا سمیع الحق کیلئے دعائے مغفرت کی اور کہاکہ پوری پاکستانی قوم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مولانا سمیع الحق کے لواحقین اور کارکنان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔