امن عامہ سبوتاژ کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آزادی کے نام پر نام نہاد مارچ درحقیقت غلامی مارچ ہے، مسترد شدہ عناصر قوم کو پرانے پاکستان کا پھرغلام بنانا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ امن عامہ سبوتاژ کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، 22 کروڑ عوام نے پرانے پاکستان کو ٹھو کر مار دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب نیا پاکستان بن رہا ہے اور غلامی کا دور واپس نہیں آئے گا، وزیراعظم کی قیادت میں تبدیلی کےسفر کو کوئی نہیں روک سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو 5سال کا مینڈیٹ دیا، پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، انتشار اور امن عامہ سبوتاژ کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسترد شدہ عناصر نام نہاد مارچ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔