سینیٹ سے مسترد قانون سازی بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے پاس کروایا جائے گا: وزیرقانون فروغ نسیم
وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ سینیٹ سے مسترد ہونے والے قانون سازی کے بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے پاس کروایا جائے گا،وزیراعظم کی خواہش کے مطابق کالعدم تنظیم کے ساتھ پر امن طریقے سے مذاکرات کر کے معاملہ حل کیا ہے، گزشتہ روز میڈیا کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے جو اہم اور ضروری قانونی بل پاس ہونے تھے وہ حکومت کے پاس بھاری اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے موخر ہو گئے تھے انہیں پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے پاس کروایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے بارے میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں وزیراعظم نے وزارت قانون سے رائے مانگی تھی جو ہم نے حکومت کو تمام قانونی پوزیشن اور نکات سے آگاہ کیا، وزیراعظم کی خواہش تھی کہ معاملہ پر تشدد طریقے سے حل ہونے کے بجائے افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے جس میں حکومت کو کامیابی ملے۔