ٹی20 ورلڈ کپ:افغانستان کو 66رنز سے شکست دے کر بھارت نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی
ابوظہبی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت نے افغانستان کو66 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت نے روہت شرما اور کے ایل راہل کی شاندار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 210 رنز بنائے جس کے جواب میں افغان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 144 رنز ہی بناسکی۔اس سے قبل افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی بیٹرز روہت شرما اور کے ایل راہل نے ٹیم کو 140 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں.روہت شرما 3 چھکوں اور 8 چوکوں کے ساتھ 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو کے ایل راہل نے بھی 69 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔رشبھ پانٹ نے 27 اور ہارڈک پانڈیا نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔