میں نے عمران خان کو قتل کرنے کی پوری کوشش کی: عمران خان پر فائرنگ کرنےوالے حملہ آور کا اعترافی بیان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر گوجرانوالہ میں قاتلانہ حملہ کرنے والے شخص کا بیان سامنے آگیا ہے۔پولیس کو دیے گئے ویڈیو بیان میں حملہ آور کا کہنا تھا کہ اس نے عمران خان کو مارنے کی کوشش اس لیے کی کیوں کہ اس کے مطابق عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، اذانیں ہو رہی تھیں اور ڈیک لگائے ہوئے تھے، شورکر رہے تھے، میرے ضمیر نے گوارا نہیں کیا۔حملہ آورکا کہنا تھا کہ وہ صرف عمران خان کو مارنا چاہتا تھا، اس کے پیچھےکوئی نہیں ہےاور نہ ہی کوئی اس کے ساتھ ہے اس نے اکیلے ہی یہ کام کیا ہے۔حملہ آور نے مزید بتایا کہ جس دن سے لانگ مارچ لاہور سے چلا اس دن سے اس نے حملہ کرنے کا سوچ لیا تھا۔خیال رہے کہ گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔